افغانستان کے صوبے قندھار میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
طالبان حکومت کے مطابق جمعرات کے روز صوبہ قندھار میں خود کش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے ایک بینک کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔
حکام نے مزید بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا 21 ہلاکتوں کا دعویٰ
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے علاقائی ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ قندھار میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوئے۔
کسی گروپ نے ابھی تک افغانستان میں رواں سال کے دوران ہونے والے سب سے بڑے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دھماکا ایک بینک برانچ میں ہوا جہاں افغان سرکاری ملازمین اپنی تنخواہیں لینے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں اور تقریباً 50 زخمیوں کو میرویس ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قندھار طالبان کی طاقت کا گڑھ اور ان کے سپریم کمانڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کا اڈہ ہے۔