سکیورٹی فورسز نے بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے ) کے دہشتگردوں کی گوادر پورٹ اتھارٹی ( جی پی اے ) کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام 8 دہشتگردوں کو واصل جہنم کردیا، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو جوان شہید بھی ہوگئے۔
بدھ کے روز بی ایل اے کے 8 دہشتگردوں نے جی پی اے کمپلیکس گوادر میں گھسنے کی کوشش کی اور کمپلیکس کے قریب دھماکا بھی کیا جس کے بعد مسلسل فائرنگ شروع کر دی ، تاہم، سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور جوابی کارروائی کے دوران تمام دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں پاسپورٹ آفس، الیکشن کمیشن آفس سمیت دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر بھی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جی پی اے کمپلیکس پر حملہ کرنے والے 2 دہشتگردوں کی لاشیں کمپلکس کے مرکزی دروازے سے بھی ملیں۔
اس حوالے سے کمشنر مکران سعید عمرانی نے بتایا کہ جی پی اے کمپلیکس پر مختلف اطراف سے حملہ ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردی کے حملہ ناکام بنایا ہے، کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے ۔
آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو بہادر جوان 35 سالہ سپاہی بہار خان اور 28 سالہ سپاہی عمران علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کو گلے لگایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔