حال ہی میں یہ افواہیں تھیں کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان ہدایتکار ایٹلی کمار کے ساتھ ایک فلم میں کام کریں گے تاہم، ان کے بھائی، اداکار اور پروڈیوسر ارباز خان نے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افواہیں تھیں کہ ہدایت کار ایٹلی کمار اور اداکار سلمان خان جلد ہی ایک فلم کے لیے ٹیم بنائیں گے اور یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں کہ انہوں نے اور ان کے بھائی ارباز خان نے حال ہی میں فلم کے بارے میں بات کرنے کے لیے ہدایت کار سے ملاقات بھی کی ہے، تاہم مڈ ڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے ارباز نے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
انٹرویو کے دوران ارباز خان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک افواہ ہے کہ سلمان، ایٹلی اور میری ملاقات ہوئی ہے، میں اپنی زندگی میں ایٹلی سے کبھی نہیں ملا اور نہ ہی میں نے اسے کبھی دیکھا ہے ، آپ کو افواہوں پر زیادہ یقین نہیں کرنا چاہیے۔
ایٹلی نے حال ہی میں شاہ رخ خان کی فلم جوان کے ساتھ بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا اور شائقین سلمان کے ممکنہ طور پر ہدایت کار کے ساتھ ٹیم بنانے کے امکان پر بہت خوش تھے۔
انٹرویو کے دوران ارباز خان نے دبنگ 4 کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اس وقت، ہم دونوں اپنے آنے والے پروجیکٹس کے بیچ میں ہیں، سلمان کو ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ کرنی ہے، انہیں یقین ہے کہ وہ دبنگ 4 کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم اسے صحیح وقت پر کریں گے، مجھے نہیں معلوم کہ میں ہدایتکاری کروں گا یا نہیں۔
ارباز آخری بار 2023 کی فلم ’ فارے ‘ میں نظر آئے تھے جبکہ سلمان کو آخری بار ’ کسی کا بھائی کسی کی جان ‘ اور ’ ٹائیگر 3 میں ‘ اور پٹھان میں دیکھا گیا تھا۔