شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گرد حملے میں افسران سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میر علی میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ حملے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر اور سپاہی راجہ، سپاہی سجاد شامل ہیں۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرانے کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے، خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گرگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادرسپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزید پختہ کرتی ہیں۔
صدر، وزیراعظم، بلاول بھٹو، علیم خان، وزراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت کئی اہم شخصیات نے حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔
صدرآصف زرداری نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل کرکے دہشتگردی کی نرسریوں کوتباہ کرناہوگا۔ افواج پاکستان کےآفسران اورجوانوں کےقاتل ملک اورقوم کےدشمن ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پرحملہ بزدلانہ فعل ہے، پاک فوج نے قوم کا سر فخرسے بلند کر دیا۔