ن لیگی رہنما و سابق سینیٹر چوہدری تنویر نے چوہدری عدنان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات سختی سے مسترد کریئے اور کہاکہ انہیں ملوث کرنے کیلئے تفیش تبدیل کی جا رہی ہے، ایک پولیس افسر کا نام جلد ثبوتوں کے ساتھ سامنے لانے کا اعلان بھی کردیا ۔
راولپنڈی میں چوہدری تنویر نے اپنے بیٹے ایم این اے بیرسٹر دانیال چوہدری، حنیف عباسی، سردار نسیم اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید سابق ایم پی اے چوہدری عدنان ہمارا قریبی عزیز اور رشتے میں بھانجا تھا، راولپنڈی شہر میں پراپرٹی سے وابستہ ایک شخص تفتیش کو تبدیل کروا رہا ہے۔ تفتیش کیلئے اچھی شہرت کے حامل افسران پر مشتمل جے آئی ٹی بنانے کی ضرورت ہے ۔ چوہدری تنویر نے کہا تفتیشی ٹیم والے انجم بھٹی کا نام بتاتے ہیں مگر اسے کسی فورم پر پیش نہیں کیا گیا، دیگر دو افراد کو کراچی سے گرفتار کرنے کا دعوی تو کیا گیا مگر انہیں بھی میڈیا کے سامنے نہیں لایا گیا۔
ن لیگی رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا اس کیس میں انتہائی عجلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، چوہدری تنویر کانام شامل کرکے کیس کا رخ موڑنے اور اصل مجرموں کو بچانے کی سازش کی جارہی ہے۔اس کیس میں درپردہ کچھ اور لوگ ملوث ہیں،حنیف عباسی نے کہا کوشش ہے کہ بے قصور انسان کے قتل میں ملوث اصل لوگ گرفتار ہوں ۔