بلوچستان سے سینیٹ کی تین خالی نشستوں پرا نتخاب کل ہوگا۔ نو امیدوار مد مقابل ہیں تاہم پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے امیدواروں کی کامیابی کے امکانات واضح ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو، مسلم لیگ ن نے سابق وفاقی وزیردوستین ڈومکی اور جمعیت علماء اسلام نےعبدالشکور غبیزئی کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدہ بابر اور مبین خلجی بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ چار آزاد امیدوار بھی ایوان بالا کے مہمان بنے کے لیے قسمت آزما رہے ہیں ۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے سینٹ انتخابات کے لیے جے یو آئی کے ساتھ اتحاد کر رکھا ہے جس کے تحت پیپلز پارٹی بلوچستان میں جے یو آئی جبکہ جے یو آئی اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کی حمایت کرے گی۔ نیشنل پارٹی نے بھی پیپلز پارٹی سے اتحاد کرکے سینٹ انتخابات میں ان کے امیدواروں کی حمایت کی ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے 65 میں سے 62 ارکان سینیٹ انتخابات کے لیے ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور اس کے اتحادیوں کو واضح اکثریت حاصل ہے جس کی بنا پر تینوں نشستوں پر ان کے امیدواروں کے امکانات قوی ہیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستیں سرفراز احمد بگٹی، مولانا عبدالغفور حیدری اور پرنس آغا عمر احمد زئی کی جانب سے استعفا دینے کے بعد خالی ہوئی تھیں ۔ تینوں عام انتخابات میں قومی اور صوبائی کے ارکان منتخب ہوئے تھے۔