آسٹریلوی آلراؤنڈر مچل مارش کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے اس سال جون کے آخر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی قیادت کرنے کے لیے مچل مارش کی حمایت کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد پیر کو ایک بیان میں میکڈونلڈ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹی 20 ٹیم کی کپتانی کے لئے تمام راستے مارش کی طرف جائیں گے، وہ جس طرح ٹیم کو لے کر چل رہے ہیں ہم اس سے مطمئن ہیں اور وہی ورلڈ کپ میں کپتان ہوں گے۔
لازمی پڑھیں۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی
آسٹریلوی ہیڈ کوچ میک ڈونلڈ، ٹیم سلیکٹر چیئر جارج بیلی اور ٹونی ڈوڈیمائڈ پر مشتمل پینل بورڈ کو اس حوالے سے مشورہ دے گا۔
مارش نے حال ہی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ختم ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل کھیلی گئی ٹی 20 سیریز میں ٹیم کی قیادت کی جس میں کیگنروز نے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ 2022 سے ایرن فنچ کے ریٹائر ہونے کے بعد مچل مارش ہی آسٹریلوی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔