پشاور کے علاقے ناصر باغ روڈ پر دو مبینہ دہشت گرد بارودی مواد منتقلی کے دوران دھماکے سے ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ دھماکا 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد میں ہوا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح پشاور بورڈ بازار کا ناصر باغ روڈ اس وقت زوردار دھماکے سے گونج اٹھا جب نامعلوم موٹر سائیکل سوار بارودی مواد کی منتقلی کے دوران خود اس کا شکار بنے۔ دھماکے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا منصوبہ بندی کرکے نہیں کیاگیا۔ قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے ٹارگٹ اور ملزمان کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دھماکہ کی مذمت کی اور آئی جی پی سے اس کی رپورٹ طلب کرلی۔