محکمہ صحت سندھ نے بینائی متاثر کرنیوالے انجکشن ایوسٹن سے عوام کو بچانے کیلئے ایکشن لیتے ہوئے اس کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی۔
سندھ کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے اسپتالوں، گوداموں اور فارمیسیز پر ایوسٹن انجکشن کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
صوبائی ڈرگ انسپکٹرز کی ٹیموں نے اسپتالوں، فارمیسیز اور گوداموں پر چھاپہ مار کر 400 سے زائد ممنوعہ انجکشن تحویل میں لے لئے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ نے مذکورہ بیج اور ریکارڈ کی چھان بین کے ساتھ ساتھ اس کی فروخت اور فراہمی کا ریکارڈ چیک کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں غیر معیاری انجیکشن لگنے کے بعد متعدد افراد کی آنکھیں ضائع ہوچکی ہیں، جس کے بعد وفاقی حکومت نے بھی انجیکشن بنانے والی کمپنی کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
دوسری جانب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) اس انجکشن کے غیر منظور شدہ ہونے کا اعتراف کرچکی ہے۔