پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کی ناکامی سامنے لانا چاہتا تھا لیکن مجھے روکا گیا ، موقع ملا تو ضرور وجوہات سامنے لاوں گا۔
جامعہ کراچی میں سالانہ شعبہ جاتی کھیلوں کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کی سیلکشن سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونی چاہئے، چیئرمین کی بار بار تبدیلی سے دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی منتخب ہوئے ہیں انکو پورا وقت دینا چاہئے، کھیل میں سفارشی کلچر نہیں ہونا چاہئے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ پالیسی بنانا میرا کام نہیں، ناکامی کی پہلی زمہ داری میں خود لیتا ہوں، ہم آسٹریلیا میں آج تک نہیں جیتے مگر ایک دن جیتیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں سفارش کے بغیر آپ اوپر آسکتے ہیں۔