نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا،اس دوران لاہور پشاور میں اہم شخصیات سمیت سینکڑوں بجلی چور پکڑے گئے۔
لیسکوریجن میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن میں اہم شخصیات سمیت تین سو تیس بجلی چور پکڑے گئے، تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکر دی گئیں جبکہ گیارہ ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔
سابق رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر پڈھیار مرحوم کے نام سے لگے کنکشن پر بجلی چوری پکڑی گئی جسے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کا بل بھیج دیا گیا ۔ نجی سوسائٹی کو 35 لاکھ سے زائد روپے کا بل چارج کیا گیا ۔
اسی طرح بجلی چور اللہ توکل کو 5 ہزار156 اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما طارق جاوید کو4 ہزار753 یونٹس کا بل بھیجا گیا ۔
لیسکو ترجمان کے مطابق 330 بجلی چوروں سے مجموعی طور پر4 کروڑ 74 لاکھ روپے ریکوری کی مد میں وصول کیے جائیں گے ۔
دوسری جانب پشاور سرکل میں بجلی چوری کیخلاف آپریشن کیا گیا،ترجمان پیسکو کے مطابق چمکنی میں2،ہاسٹل ٹاؤن میں ایک اور تہکال میں 2بجلی چورگرفتارکر لیاگیا۔
انہوں نے بتایا کہ سرکلرروڈ پر پرائیویٹ پولیس ہاسٹل میں بجلی چوری کی خلاف کارروائی کی گئی،ہاسٹل میں ڈائریکٹ کنڈوں سے بجلی فراہم کی جارہی تھی۔
ترجمان پیسکو کے مطابق بجلی چوروں کےخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کرادی ہے۔
نارووال میں بھی بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈائون کے دوران متعدد افراد کورنگےہاتھوں پکڑلیاگیا، گیپکو ٹیم نےان کےکنکشن منقطع کردیئےاور مقدمات درج کرکےلاکھوں کےجرمانےعائدکردیئے۔