نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے دو رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیاہے جس میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں وفد نے آج اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لیا، وفد ٹیم ہوٹل اور پنڈی سٹیڈیم بھی جائے گا اعلی سطحی بریفنگ بھی دی جائے گی، وفد آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میچ بھی دیکھے گا، وفد پی ایس ایل کی سکیورٹی اور روٹس کا جائزہ بھی لے گا۔
دوسرے مرحلے میں وفد کل لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا ٹیم ہوٹل اور سٹیڈیم کا دورہ شیڈولڈ ہے ، نیوزی لینڈ نے اپریل میں پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ، دورے سے قبل سیکورٹی وفد کا انتظامات کا جائزہ لینا معمول کی بات ہے ، مجوزہ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی ، 28 اپریل تک جاری رہنے والے دورے میں پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 اپریل کو ہو گا،پہلے مرحلے میں تین میچز راولپنڈی اور دوسرے مرحلے میں دو میچز لاہور میں تجویز کئے گئے ہیں۔