پاکستان کی سینئر اور معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ زیادہ تعداد میں جانور پالنے سے اچھا ہے کہ انسان یتیم بچے گود لے کر ان کی پرورش کرلے۔
معروف اور منفرد اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ساتھی فنکاروں کا ذکر کیا جو بے اولاد ہیں یا پھر جو شادی نہیں کرنا چاہتے لیکن والدین کی ذمہ داریاں نبھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جنہیں جانور پالنے کا شوق ہے تو وہ 1 یا 2 کتے بلی پال لیں اور اگر پھر بھی مزید کی خواہش ہو تو کسی یتیم مسکین بچے کو گود لے لیں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر زیادہ تعداد میں جانوروں کے بجائے کسی بچے کو گود لیں گے تو کم از کم وہ بچہ 4 یا 5 برس کی عمر میں آپ کو سلام تو کرے گا۔
سینئر اداکارہ نے نام لئے بغیر اپنے ایک جاننے والے کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس 29 بلیاں ہیں، ان کی دیکھ بھال کی چیزیں، ان کا امپورٹڈ کھانا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ کھانوں وغیرہ پر کم از کم ماہانہ 2 سے 3 لاکھ روپے اخراجات آتے ہوں گے۔
بشریٰ انصاری نے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ پالتو جانوروں پر اپنی کمائی اور محنت صرف کرنے سے بہتر ہے کہ اولاد گود لے لی جائے جس سے انسانی زندگی کا بھی بھلا ہو۔