پاکستان مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعتوں نے اقتدار میں آکر مل کرچلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم،اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے امیدوار کو سپورٹ کریں گے،ہم نئی حکومت میں ایمانداری سے کرداراداکریں گے۔
مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کامشترکہ اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ تمام ارکان کےاعزازمیں عشائیہ بھی دیاگیا۔
جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری،مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین،صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان اور عون چوہدری ،صادق سنجرانی، خالد مگسی اور ایم کیو ایم کے کنوینرایم کیوایم خالدمقبول صدیقی پارٹی ارکان کےہمراہ شریک ہوئے۔
مسلم لیگ کی اتحادی جماعتوں کے نومنتخب ارکان اسمبلی نےآصف زرداری کو صدر اور شہبازشریف کو وزیر اعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔
عشائیہ کے بعد اتحادی رہنما ئوکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ صدرکیلئےآصف زرداری،وزیراعظم کیلئےشہبازشریف پراعتمادکیاگیا،اقتدار میں آکر مہنگائی اوربیروزگاری کا خاتمہ کریں گے،اورملکی مسائل کا متحد ہوکر مقابلہ کریں گے۔ہم ملکر قومی تقاضوں کےمطابق عوامی مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہی مضبوط قوم کی نشانی ہے، ہم نے پہلے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایاتھا، اور اب شہبازشریف حکومت کی اولین ترجیح امن اوراستحکام ہوگی، محاذ آرائی ملک کے لیے زہر ہے، زراعت،صنعت،ٹیکنالوجی اوربرآمدات کوفروغ دیناہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی مثبت تنقید کو برداشت کریں گے،اگراپوزیشن انتشارپھیلائے گی توملک سےدشمنی کرےگی،ہم اتحادیوں اوراپوزیشن جماعتوں کےپاس جائیں گے،مولانا فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کے پاس بھی جائیں گے۔
رہنماپیپلزپارٹی نویدقمرنے کہا کہ اب ملکرمفاہمت کرنے کاوقت آگیا ہے،وقت آگیاہےکہ اب ہم ملکر مفاہمت کریں،اسپیکر،ڈپٹی اسپیکر،چیئرمین سینیٹ اورڈپٹی چیئرمین کیلئےملکرووٹ دیں گے۔
صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم وزیراعظم،اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے امیدوار کو سپورٹ کریں گے،اہم جماعتیں حکومت کاحصہ بننے جارہی ہیں،الیکشن کا دور گزر گیامنتخب ارکان کی ذمہ داریاں بہت زیادہ ہیں،ہم نئی حکومت میں ایمانداری سے کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت سے گزارش ہے خدارا عوام پر رحم کریں،غریب آدمی کیلئے حالات بدتر ہیں، اب معیشت کو اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ ہماری پارٹی ملکی سالمیت اورترقی کیلئے کردار ادا کرےگی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عام آدمی کی بہتری کی ضرورت ہے،جہاں جہاں مینڈیٹ ملاہےوہاں عوامی بھلائی کیلئےکام ہوناچاہیے،ملکی سالمیت اور ترقی کے لیےہماراجوکردارہوگاادا کریں گے۔
خالدمگسی نے کہا کہ عوام کی خدمت کومشکل نہیں آسان ایجنڈاسمجھیں، اور ہم سب نے اتفاق رائے سے آگے چلنےکافیصلہ کیاہے۔
مسلم لیگ ق کے رنما چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سب نےمعیشت پربات کی،ہمارافوکس معیشت پرہی ہونا چاہیے، اتحادکامقصد پاکستان کی بہتری ہونی چاہیے،معیشت ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی ساری جماعتوں کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے،اورسب کو ساتھ لیکر چلنا چاہیے،آج تمام چیزیں سیچوریشن پوائنٹ تک پہنچ گئی ہیں، سب کی نیت اچھی ہے ،عوام کومشکل سےنکالیں گے،متحدہ قومی موومنٹ ہرمثبت اقدام کاساتھ دےگی۔