مسلم لیگ نواز اور اتحادی جماعتوں نے وفاق میں حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نواز کے سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر میں اجلاس ہوا جس میں ن لیگ، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور سیکرٹریٹ حکام نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاق میں حکومت سازی کا مجوزہ شیڈول تیار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں حکومت سازی کے تمام مراحل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرلی گئی ہے اور اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج کیخلاف حکمت عملی بھی طے کرلی گئی۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق 29 فروری کو اراکین حلف اٹھائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف حلف لیں گے، یکم مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 2 مارچ کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق 3 مارچ کو قائد ایوان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کئے جائیں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں اور اس وقت ن لیگ اور اتحادیوں کو 200 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔