ملک سے سوتی دھاگے کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران سوتی دھاگے کی برآمدات سے ملک کو 670 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگے کی برآمدات سے ملک کو 449 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں سوتی دھاگے کی برآمدات کا حجم 81 ملین ڈالرتھا جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں سوتی دھاگے کی برآمدات سے ملک کو 68 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں سوتی دھاگے کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ دسمبر میں سوتی دھاگے کی برآمدات سے ملک کو 95 ملین ڈالر حاصل ہوئے جو جنوری میں کم ہو کر 81 ملین ڈالر ہوگئے۔
واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 9.73 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 10.038 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔






















