نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے اہم سفارتی رابطے جاری ہیں اور اس ضمن میں یورپی یونین کی نائب صدر اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کالاس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے اور عالمی صورتحال میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے عالمی کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔





















