وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم ملاقات کی ، جس دوران خطے میں کشیدہ صورتحال، سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا، بلاول بھٹو نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی پالیسی کی تعریف کی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو خلیج میں جاری صورتحال اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے سیاسی اور ملکی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی پالیسی کی تعریف کی۔
دونوں رہنماؤں نے سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد نے این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر وزیراعظم نے مشاورت کی یقین دہانی کرا دی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔





















