پاکستان رینجرز (پنجاب) کے زیرِ انتظام چھٹی نیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔
نیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد پاکستان رینجرز(پنجاب) پولو گراؤنڈ لاہور میں کیاگیا،چھٹی نیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ میں 85 ٹیموں کے 350 شہ سواروں نے روایتی نیزہ بازی کےعلاوہ انٹرنیشنل اسٹائل کےمقابلوں میں بھی حصہ لیا۔
چیمپیئن شپ میں شہبازخیل کلب میانوالی،پاک زمے دارا فرینڈ کلب منڈی بہاؤ الدین اورالوہاب کلب منڈی بہاؤ الدین نےبالترتیب پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سنگل لائین ٹیم مقابلےمیں پہلی پوزیشن خان تبسم خان، دوسری رائے عمران شانی اور تیسری پوزیشن ندیم اختر لاڑا نے اپنے نام کی،سنگل پوزیشن مقابلے میں محمد اشرف کھرل نے پہلی،چوہدری آفتاب شبیر نے دوسری اور چوہدری علی حیدر نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب محسن نقوی تھےجبکہ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا نے بھی خصوصی شرکت کی
ڈائریکٹرجنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نے رینجرز پولو گراؤنڈ پہنچنے پر معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے،اختتامی تقریب میں رینجرز پبلک اسکول کے بچوں نے ملی نغمے اور رینجرز بینڈ نے مسحور کن دھنوں سے داد سمیٹی،لڈی اور گھڑ ناچ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
نیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ کا اہتمام پاکستان رینجرز (پنجاب) اور ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان نے باہمی اشتراک سے کیا،گھڑ سواری سے متعلق کھیلوں کا ادارہ ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان پنجاب رینجرز کے زیرِ انتظام مصروفِ عمل ہے
ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب)ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین ہیں،ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان نےگزشتہ ایک برس میں بہت سےکارہائے نمایاں سرانجام دیئے ہیں جن میں اردن میں منعقدہ ویمنز انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپیئن شپ میں پہلی بار پاکستانی خواتین نیزہ بازوں کی ٹیم نے شرکت کی۔ایونٹ میں 10 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستانی ٹیم نے تلوار مقابلے میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا
جنوبی افریقہ میں منعقدہ انڈر 21 چیمپیئن شپ 2023 میں پاکستان سمیت 3 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، پاکستانی ٹیم نے 8 تمغے جیتے اور مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی
ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان نے پہلی بار ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائرز کا انعقادکیا۔ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کوالیفائرز گروپ سی کا انعقاد فروری 2023 میں رینجرز پولو گراؤنڈ پر کیا گیا جس میں پاکستان سمیت 7 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی۔
پاکستانی ٹیم نے پہلی پوزیشن کے ساتھ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا اور مجموعی طور پر 3 سونے، 3 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا
جنوبی افریقہ میں منعقدہ ورلڈ کپ 2023 میں 9 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں پاکستانی ٹیم نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستانی کھلاڑی عرفان محمود وٹو ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین نیزہ باز قرار پائے