ملکہ کوہسار مری میں برف باری سے موسم شدید سرد ہوگیا جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مری میں آج برف باری کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی تھی اس کے باوجود دن کے وقت مری میں برفباری شروع ہوگئی جس سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ ملک کے دیگر حصوں میں رات کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدیدسرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
گلگت بلتستان،کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس دوران وسطی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے.سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کالام منفی تیرہ، استور منفی نو،اسکردومنفی سات ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گوپس، ہنزہ، مالم جبہ میں منفی پانچ، بگروٹ اورکوئٹہ میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں دس، کراچی میں پندرہ اور پشاور میں چھ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔