پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے بغیر کروایا گیا الیکشن غیرآئینی ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے بیان پر پی ٹی آئی کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر بھی شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں، نگران وزیر اعظم
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیّت کا مظہر ہے، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پرعوام کی واحد نمائندہ سیاسی پارٹی ہے، مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق عمران خان بلا شرکت غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں۔
تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کا بیان
— PTI (@PTIofficial) September 24, 2023
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار
نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیّت کا مظہر ہے،
تحریک…
ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں۔
دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔
ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔
واضح رہے کہ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی ) کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی سربراہ کے بغیر شفاف انتخابات کرائے جاسکتے ہیں، تحریک انصاف کے جو کارکن غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔