برازیل کے معروف فٹبالر ڈینی الویس کو بارسلونا کے نائٹ کلب میں خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار دے دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپین کی ایک عدالت نے بارسلونا اور برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی الویس کو بارسلونا کے نائٹ کلب میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کا مجرم قرار دیا ہے اور انہیں ساڑھے چار سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
40 سالہ ڈینی الویس نے خود پر لگے الزامات کی تردید کی تھی۔
الویس کے وکیل نے ان کی بریت کی درخواست کی تھی جو خارج کر دی گئی تاہم، وہ سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔
عدالت نے الویس کو ساڑھے چار سال کی سزا سنانے کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاتون کو 128,500 پاؤنڈز بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ متاثرہ خاتون کی گواہی کے علاوہ ایسے شواہد موجود ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔
استغاثہ نے نو سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا لیکن سپین میں جنسی زیادتی کے عمومی الزام کے تحت عصمت دری کے دعوے کی تحقیقات کی جاتی ہیں اور سزا چار سے 15 سال تک قید کی کا باعث بن سکتی ہے۔
الویس نے بارسلونا کی 400 سے زیادہ مقابلوں میں نمائندگی کی جبکہ کلب کے ساتھ دو اسپیلز میں چھ لیگ ٹائٹل اور تین چیمپئنز لیگ جیتے۔ معروف فٹبالر برازیل کے 2022 ورلڈ کپ سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔






















