افغانستان کےمشرقی صوبےنورستان کے ایک گاؤں میں شدید برف باری کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ منسٹری کے ترجمان جانان صائق نے ایکس ( ٹویٹر) پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اوراس واقعے میں تقریباً 15 سے 20 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے تھے۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موسم کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، ہیلی کاپٹر اترنے سے قاصر ہیں اور برف باری سے سڑکیں بند ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جو امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہیں وہ ملبے کو کھودنے کے لیے بیلچوں اور کلہاڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
افغان اطلاعات و ثقافت کے صوبائی سربراہ جمیع اللہ ہاشمی نےغیر ملکی میڈیا کوبتایا کہ برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لوگ ناکرے گاؤں میں ممکنہ بچ جانے والوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں،ریسکیو آپریشن کے لیے جدید آلات، اوزار اور سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ 2017 میں صوبے میں برفانی تودہ گرنے سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2021 میں نورستان میں سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔