جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مخلتف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد راولپنڈی میں اب تک 30 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی۔ راولپنڈی میں واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ مسلسل بارش کے باوجود نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کٹاریاں پر پانی کی سطح پانچ فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر چار فٹ ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار،پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔