لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور اس کے تین ساتھی زخمی ہوگئے۔ مقتول کے گن مین کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر بالاج ٹیپو ٹھوکرنیاز بیگ کے قریب ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں شادی کی تقریب میں شریک تھا کہ وہاں موجود ایک حملہ آور نے فائرنگ کردی۔ جس سے امیر بالاج ٹیپو سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
امیر بالاج ٹیپو کو چار گولیاں لگیں اور خون زیادہ بہنے کی وجہ سے وہ دم توڑ گیا۔ مقتول امیر بالاج ٹیپوکے گن مینوں کی فائرنگ سے شوٹر بھی موقع پر مارا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کے مطابق واقعہ درینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم یہ کس گروپ نے کیا ہے کہ انویسٹی گیشن جلد مکمل کر لی جائے گی۔
امیر بالاج ٹیپو کو لاہور کے چند بڑے دشمن داروں میں سے ایک ڈان سمجھا جاتاتھا۔ اسکا والد ٹیپوٹرکاں والا14 سال پہلے دشمنی کی بھینٹ چڑھ گیا تھا۔ ٹیپو ٹرکاں والا کو 2010 میں دبئی سے واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر قتل کردیا تھا۔
اس بات کا خدشہ ہے کہ بالاج کی موت خونی دشمنی کا ایک اور باب شروع کر سکتی ہے جس کا آغاز 1994 میں ان کے دادا بلا ٹرکاں والا کے قتل سے ہوا تھا۔