مسلم لیگ ( ن ) نے کہا ہے کہ سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کی پریس کانفرنس سانحہ 9 مئی کا پارٹ 2 ہے ، 9 مئی کے ذمہ داران نے کوئی سبق نہیں سیکھا، باہر سے ملک کیخلاف مہم چلائی جارہی ہے، ان کی سازش اور ملک دشمن مہم رکنے کا نام نہیں لے رہی، نگران حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار ہے، ایک شخص کے کردار سے متعلق آپ کو پہلے سے پتہ ہے، نگران حکومت سے مطالبہ ہے ان لوگوں کی سرکوبی کریں۔
اتوار کے روز لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہمناؤں ملک احمد خان، عطا اللہ تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات کے حوالے سے تفصیلی پریس کانفرنس کی اور نگران حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ملک احمد خان
پریس کانفرنس کے دوران ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کل سے ملک میں ایک ہیجان سی صورتحال بنائی ہوئی ہے، انتخابی نتائج کو تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، یہ حکومت میں ہوں تب بھی انتخابات کے نتائج نہیں مانتے، 14 اگست 2014 دھرنے کے پیچھے بھی انتخابی دھاندلی کو جواز بنایا گیا تھا، پھر 35 پنکچر پر بھی صدر کی جانب سے معافی مانگی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:۔’ مجھے پھانسی دی جائے‘ کمشنر راولپنڈی کا الیکشن میں دھاندلی کا اعتراف، عہدے سے مستعفیٰ
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کا الیکشن پراسیس سے کوئی تعلق نہیں، ان کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی کوئی تعلق نہیں، وہ آر او ہیں ، نہ ہی ڈی آر او اور نہ ہی ان کا ان سے کوئی تعلق ہے، یہ اسی سازش کی کڑی ہے جو ہم پہلے دیکھتے آرہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کوعہدے سے ہٹا دیا گیا
انہوں نے کہا کہ کل کی صورتحال کے بعد خوفناک مہم شروع کی گئی، سابق کمشنر راولپنڈی کے پاس الزامات کے کوئی شواہد نہیں، ان کی پریس کانفرنس سانحہ 9 مئی کا پارٹ 2 ہے، سوشل میڈیا پر مختلف ڈی آراوز اور ان کے بچوں کی تصاویر لگائی جا رہی ہیں اور نفرت آمیز مہم چلائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :چیف جسٹس کا کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر ردعمل سامنے آگیا
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنی انتشاری مہم سے باز نہیں آ رہے، ان لوگوں نے 9 مئی کو بھی افواج پاکستان کیخلاف مہم چلائی، 9 مئی کے دن ایئربیس پر حملے ہوئے ، ایمبولینسز تک جلائی گئیں، نگران حکومت کیا دیکھ رہی ہے کس چیز کا انتظار ہے، ایک شخص کے کردار سے متعلق آپ کو پہلے سے پتہ ہے، نگران حکومت سے مطالبہ ہے ان لوگوں کی سرکوبی کریں۔
عطا تارڑ
ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ لیاقت چٹھہ کا تحریک انصاف کے لوگوں سے رابطہ ثابت ہوگیا، کیا آر اوز کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا دہشت گردی نہیں؟، ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے آپ کویہ خیال کیوں آیا؟ ریٹرننگ افسران کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، نگران حکومت صورتحال کا فوری نوٹس لے، جہاں ن لیگ جیتی وہاں دھاندلی ہوئی اور پی ٹی آئی جہاں جیتی وہاں فتح کا جشن ، یہ کونسا نظام ہے؟۔
عظمیٰ بخاری
ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی لیاقت چٹھہ کی نئی کہانی لے کر سامنے آئی ، انہوں نے پریس کانفرنس سے پہلے اسلم اقبال سے ملاقات کی، آر اوز اور ڈی آر اوز کو پش کیا جا رہا ہے کہ لیاقت چٹھہ بن جائیں، انہوں نے 24 گھنٹے میں کتنے جھوٹ بولے، 2018 کے الیکشن میں آرٹی ایس بیٹھا تب کوئی نہیں بولا، 2013 میں افضل خان آگیا تھا اب افضل خان پارٹ ٹو آگیا۔