نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا جاری کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے خیبر پختونخوا کے لئے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنی حکومت کا ترجیحی ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس کے مطابق صوبے کی اقدار و روایات کے عین مطابق چادر چاردیواری کے احترام کو یقینی بنایا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن عامہ کے قیام کے ساتھ شہریوں کی جان مال کی سلامتی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی۔
نامزد وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی صحت کارڈ کو پورے صوبے کیلئے بحال کریں گے، لنگر خانوں اور پناہ گاہوں کو غریبوں کیلئے آباد کریں گے اور صوبے میں ہر لحاظ سے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے وسائل کو ترقی دے کر صوبے کو مالی طور پر خود مختار بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری توجہ اپنے شہریوں کی فلاح و ترقی پر مرکوز کریں گے۔