سابق صدر آصف زرداری نے بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے پر صوبائی رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین ( پی پی پی پی ) کے سربراہ اور سابق صدر آصف زرداری نے بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جس میں صوبائی رہنما شرکت کریں گے اور بلوچستان حکومت کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔
لازمی پڑھیں۔ مسلم لیگ ( ن ) کو بلوچستان اسمبلی کی ایک اور نشست مل گئی
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی وفاق میں ہی مقیم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی بلوچستان میں وزیر اعلیٰ کے منصب کیلئے فیورٹ سمجھے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے دوسرے امیدوار ثنا اللہ زہری پہلے سے ہی اسلام آباد میں ہیں، حاجی ملک شاہ گورگیج ، سردار محمد عمر گورگیج بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
میر محمد صادق عمرانی ، سردار سرفراز دومکی ، میر ظہور احمد بلیدی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ صمد گورگیج، میر رند ، سردار فیصل جمالی، میر دوران کھوسہ اور آغا شکیل درانی بھی شریک ہوں گے۔