قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر آصف علی نے پریکٹس کے دوران 100 سے 150 چھکے مارنے سے متعلق بیان کو اپنی غلطی قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی تیاری کے دوران آصف علی کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ہر روز پریکٹس کے دوران 100 سے 150 چھکے لگانے کی کوشش کرتے ہیں تا کہ میچ میں بھی چھکے مار سکیں۔
تاہم، ایشیا کپ میں آصف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے جس کے بعد انہیں اپنے بیان کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لازمی پڑھیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی کی پی ایس ایل میں شرکت مشکوک
حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جارح مزاج بیٹر نے اپنے ماضی کے بیان کو غلطی قرار دیا اور کہا کہ ’’ میں پیٹرول تو نہیں پیتا کہ روزانہ 300 چھکے ماروں ، میں پریکٹس کرتا رہا ہوں لیکن وہ بیان میری غلطی تھی ‘‘۔
پی ایس ایل 9 سے متعلق بات کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ مداح میرے لئے دعا کریں کہ میں ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی اختیار کرسکوں۔
یاد رہے کہ آصف پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشن 9 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔