الیکشن ٹربیونلز نے این اے پندرہ مانسہرہ کے حوالے سے نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کردی جبکہ راولپنڈی کے حلقہ این اے56 اور 57سے آزاد امیدواروں شہریار ریاض اور سیمابیہ طاہر کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دے کر آر اوز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا ہے ۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق این اے15مانسہرہ کے حوالے سے ریٹرننگ افسر نے اپنی رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کروادی،رپورٹ میں کہا ہے کہ حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے نواز شریف کے وکیل تاخیر سے پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی، ٹربیونل نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔
این اے 233 کورنگی کراچی میں کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے آر او سے رپورٹ طلب کرلی، اس کیس کی دوبارہ سماعت 22 فروری کو ہوگی این اے242 کراچی کے ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ حملہ کیس کی رپورٹ جمع کروا دی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل نے الزام کی تردید کرتے ہوئے ویڈیو جعلی قرار دے دی الیکشن ٹربیونل نے قادر مندوخیل کو تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت چھ مارچ تک ملتوی کردی ۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق این اے43کے چھ پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، پولنگ اب17فروری کے بجائے 19 فروری کو ہوگی ۔