ملک بھر میں 8 فروری کو ہونےوالے عام انتخابات کے نتائج آنے کے بعد آزاداراکین اسمبلی کامسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کاسلسلہ جاری ہے اور اب مزید6آزاد ارکان پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
الیکشن میں آزاد حیثیت سے جیتنے والے6ارکان پنجاب اسمبلی نے پہلے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہبازشریف اور بعد ازاںمریم نواز سے ملاقات کی ، جن میں پی پی 225 سے شازیہ ترین ،پی پی 132 سے سلطان باجوہ ،پی پی 288 سےحنیف پتافی،پی پی 283 سے اصغر حسین گورمانی ،پی پی 289 سےمحمودقادرخان اورپی پی94 تیمور لالی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان ، تیمور لالی شازیہ ترین اور اصغرحسین گورمانی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ،صدر شہباز شریف اور نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
اس موقع پر ن لیگ کے رہنما راناتنویر، خواجہ سعدرفیق، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری،سابق صوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر، سرداراحمد خان لغاری اور دیگر رہنمابھی شریک تھے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، قائد نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے،مہنگائی کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔