نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس قسم کے جعلی نوٹیفکیشن پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرے گی۔
سوشل میڈیا پر فنانس ڈویژن کے انٹرنل فنانس ونگ کے لیٹر ہیڈ پر ایک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 5 ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے بظاہر فنانس ڈویژن کے انٹرنل فنانس ونگ کے (جعلی) نوٹیفیکیشن کی نقل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے، اس قسم کے جعلی نوٹیفکیشن پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء وزارت اطلاعات و نشریات کے ایک ہینڈلر ”فیکٹ چیکر“ نے بھی اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا ہے۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانا ناصرف غیر اخلاقی و غیر قانونی ہے بلکہ یہ قوم کی بھی توہین ہے۔
پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو مسترد کرے۔