انتخابات کے بعد کی صورتحال پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا انتخابات کے بعد کے مسائل قانونی طریقے سے حل کریں۔ ایسی کارروائی سے گریزکیا جائے جوکشیدگی کا باعث ہو۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے امن وامان کی صورتحال قائم رکھنے پر زور دیا۔ کہا پاکستان کی صورتحال پرگہری نظر ہے۔ انسانی حقوق اورقانون کی حکمرانی کیلئے عوام کے مفاد کا احترام کیا جائے۔ پاکستانی حکام اور سیاسی رہنماؤں سے ماحول پرسکون رکھنے کی اپیل بھی کی گئی۔
دوسری جانب امریکا نے پاکستان میں انتخابی عمل میں پیچیدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی مداخلت اور دھوکا دہی کے الزامات کی قانون کے مطابق مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستان میں قانون کی بالادستی ،آئین کا احترام،آزاد میڈیا اور متحرک سول سوسائٹی کا تحفظ چاہتے ہیں،اورہم الیکشن کے دوران سیاسی تشدد، انٹرنیٹ اور فون کی بندش کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی مداخلت اور دھوکا دہی کے الزامات کی قانون کے مطابق مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔نئی پاکستان حکومت کی تشکیل کیلئے سیاسی جماعتیں مشاورت کررہی ہیں،کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔ پاکستان عوام نے جس رہنما کو منتخب کیا ہے ہم اس کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔