مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا سربارہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت دی جو مولانا نے قبول کر لی۔
اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے،جس میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی رہائش گاہ پرملاقات کی ہے۔
شہبازشریف نے سابق صدر کو قائد ن لیگ نواز شریف کا اہم پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں وفاق اور پنجاب میں پاور شیئرنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات پینتالیس منٹ تک جاری رہی جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے۔ ملاقات میں مستقبل کے وزیر اعظم اور پاورشیئرنگ پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔