اسلام آباد سے قومی اسمبلے کے دو حلقوں این اے 47 اور 48 کا آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 47 اور 48 کا آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے، آزاد امیدوارں علی بخاری، شعیب شاہین نےہائیکورٹ میں درخواستیں دائرکردیں۔ درخواستوں کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
این اے 48 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی بخاری نے کہا کہ تمام فارم 45 موجود ہیں، ہمیں دھاندلی سے ہرایا گیا، 53 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھے، دھاندلی ہوئی۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تینوں قومی اسمبلی کے حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق دو حلقوں میں مسلم لیگ ( ن ) اور ایک حلقہ میں آزاد امیدوار راجہ خرم شہزاد نے میدان مار لیا ہے۔
این اے 46 اسلام آباد سے انجم عقیل خان 81 ہزار 958 حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے حریف آزاد امیدوار عامر مسعود مغل نے 44 ہزار 317 ووٹ حاصل کئے
این اے 47 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار طارق فضل چوہدری نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کو شکست دی اور ایک لاکھ دو ہزار ووٹ حاصل کر کے فاتح قرار پائے۔
این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کو شکست دی اور 69 ہزار 699 ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار پائے ۔