تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹرگوہر علی خان کا کہنا ہے کہ الیکشن پہلے ہی تنازعات کا شکار ہیں، الیکشن پر مزید سوالیہ نشان کے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ عوام کو آزادانہ طریقہ سے حق رائے دہی استعمال کرنے دیں۔
این اے 10 بونیر میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں نکلیں،ووٹ کاسٹ کریں، یہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کا مسئلہ ہے، خواتین باہرنکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔ مشکلات کے باوجود اس دن تک پہنچے ہیں۔
بیرسٹرگوہر علی خان کا کہنا تھا کہ عوام کا جوش و خروش پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، اس دن کا انتظار کرتے ہمیں 2سال لگے، آج پاکستان کی آزادی کا دن ہے، ووٹراپنے حق رائے کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ یہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کا مسئلہ ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بندش پر تحریک انصاف الیکشن رابطہ سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
انچارج الیکشن سیل بیرسٹر علی طاہر نےخط میں موقف اختیارکیا کہ انٹرنیٹ سروس معطل ہونےسےشہریوں کومشکلات ہیں،سروس معطل کرکے شہریوں کو بنیادی حقوق سےمحروم رکھا جارہا ہے۔
خط میں کہا گیاکہ فری اینڈفیئرالیکشن کراناالیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے، فوری طورپرملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔