پشاور ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما یوسف ایوب کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما یوسف ایوب کی تھری ایم پی او میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا اور وکلاء درخواست گزار عدالت میں پیش ہوگئے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یوسف ایوب کیخلاف تھانہ بیر میں آج ایک مقدمہ درج ہوا ہے،21 جنوری کو روزنامچہ رپورٹ پر آج ایف آئی آر درج ہوئی۔ جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ آپ کو 15، 20 دن بعد یاد آیا کہ مقدمہ درج کرنا ہے؟ آج کل جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب ٹھیک نہیں۔
جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ جہاں قانون کی پاسداری نہ ہو وہاں حالات خراب ہوجاتے ہیں، عدالت نے یوسف ایوب کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزار ضمانتی مچلکے جوڈیشل رجسٹرار ہائیکورٹ کو جمع کرائیں، درخواست گزار کو 3 دن میں متعلقہ عدالت بھی پیش کیا جائے۔