بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر تسکین احمد نے اپنی طویل انجری کے باعث ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کر دیا۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک بز کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر تسکین احمد اپنی طویل انجری کے باعث ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ وہ وائٹ بال کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔
تسکین نے اس سلسلے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو خط بھیجا تھا اور وہ ان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔
بی سی بی کو بھیجے گئے خط میں تسکین نے بورڈ پر زور دیا کہ وہ صرف وائٹ بال کرکٹ کے لیے ان پر غور کرے کیونکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ زیادہ ڈیلیور کر سکتے ہیں اور اس سے انہیں کندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے لیے کافی وقت ملنے میں مدد ملے گی۔
بی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس پیشرفت کی تصدیق کی لیکن کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر ابھی فیصلہ کرنا ہے۔
بی سی بی کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے کہا کہا تسکین نے ایک خط بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ طویل ورژن کی کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے، تاہم بی پی ایل ختم ہونے کے بعد ہم اس سلسلے میں ان کے ساتھ بیٹھیں گے۔
تسکین ورلڈ کپ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ گزشتہ سال بھارت میں کھیلے گئے عالمی ایونٹ میں ایک دو میچ نہیں کھیل سکے تھے۔