نئی ریسرچ کے مطابق گرد و غبار سے سولر پینلز کی کارکردگی شدید متاثر ہوتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج پر مبنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرد جمنے سے سولر پینلز کی عمر اور کارکردگی دونوں پر شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین نے ملک کے مختلف حصوں میں 40 پینلز پر مشتمل دو پی وی سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے محققین نے مختلف ماحول میں بھی سولر پینلز کی کارکردگی جانچی۔
انہوں نے بتایا کہ گندے ماحول میں سولر پینلز کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی جبکہ صاف ستھرے ماحول میں گرد و غبار بہت کم ہونے سے سرلر پینلز کی کارکردگی بہت اچھی رہی۔ ماحول کے فرق کا اندازہ لگانے کے لیے اسلام آباد اور بہاول پور کو مرکزی مقامات کی حیثیت میں منتخب کیا گیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ماحول بہت صاف ستھرا ہے۔ وہاں اوسط درجہ حرارت 20.3 سینٹی گریڈ رہتا ہے۔ خشک ترین مہینوں میں بھی بارش ہوتی ہے جس سے پی وی ماڈیولز کی صفائی ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد میں سولر پینلز سے بجلی کی پیداوار نمایاں طور پر زیادہ رہی۔
بہاولپور صحرائی علاقہ ہے۔ وہاں موسم خشک رہتا ہے اور بارش بھی کم ہوتی ہے۔ گرد و غبار کے طوفان اٹھتے رہتے ہیں۔ وہاں گرد جم جانے کے باعث سولر پینلز کی کارکردگی خاصی ناقص رہی۔
ریسرچ گروپ نے گلوبل سولر ریڈی ایشن ڈیٹا جمع کرنے کے علاوہ ہر ماڈیول کا وولٹیج اور کرنٹ بھی دیکھا۔ صاف ستھرے ماحول میں رکھے گئے ماڈیولز کی کارکردگی بہت اچھی رہی۔