قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کی صورتحال کو مایوس کن قرار دے دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے ریویو اجلاس کو ایک ڈرامہ قرار دیا اور بہت سے اہم معاملات پر اپنی خاموشی توڑ دی۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ یہ ایک کڑوا سچ ہے کہ پاکستانی کرکٹ کی صورتحال مایوس کن ہے اور پی سی بی کا ریویو اجلاس صرف ایک ڈرامہ تھا، میں نے جب موجودہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کو بورڈ آفس میں بیٹھا دیکھا تھا تو اسی وقت یہ بات سمجھ گیا تھا۔
سابق ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ میرے دل میں ذکاء اشرف کے لئے عزت بڑھ جاتی اگر وہ مجھے سب صاف صاف کہتے، انہوں نے مجھے بورڈ میوزیم میں بلاکر بہت سے سوال کئے اور بعد میں بتایا کہ وہ کپتان بابر اعظم سمیت سپورٹ سٹاف کو ہٹانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ مکی آرتھر نے ورلڈکپ کے بعد بطور ٹیم ڈائریکٹر عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔