افغانستان نے سری لنکا کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کیلئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا۔
اعلامیے کے مطابق حشمت اللہ شاہدی ٹیم کی قیادت کریں گے، چار نوجوان کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ افغانستان کے تجربہ کار آل رائونڈر راشد خان کو کمر کی سرجری کے بعد بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں جس کے باعث انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، ان کی جگہ لیگ سپنر قیس احمد کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، قیس احمد 2019ء کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کریں گے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کیلئے افغان سکواڈ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے چار نوجوان کھلاڑیوں میں لیفٹ آرم سپنر ضیاء الرحمان، وکٹ کیپر محمد اسحاق، بلے باز نور علی زادران اور میڈیم فاسٹ بائولر نوید زادران شامل ہیں۔
نور علی زادران نے 2009 میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، وہ اب تک 51 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 23 ٹی ٹونٹی میچوں میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، نور علی زادران افغان کرکٹر مجیب الرحمان کے چچا ہیں۔
ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے والے ضیاء الرحمان نے 28 فرسٹ کلاس میچوں میں 19.1 کی اوسط سے 159 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ 18 سالہ نوید زادران نے 7 فرسٹ کلاس میچوں میں 35 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں تین مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔