نگران وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف ضم شدہ اور 20 پسماندہ اضلاع کے منصوبے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے۔
نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کے پیسے کا تمام محور عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہئے، نگران حکومت کےقلیل دورِمیں اہداف کےحصول میں خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے، بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کے دوران قومی ترقیاتی بجٹ مالی سال 24-2023ء کیلئے ترجیحات و رہنماء اصول منظوری کیلئے پیش کئے گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صرف ضم شدہ اور 20 پسماندہ اضلاع کے منصوبے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔
قومی اقتصادی کونسل نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی جبکہ کونسل کو تیرہویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کی ترجیحات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں پبلک انویسٹمنٹ مینجمنٹ اسیسمنٹ اور کلائمیٹ کی رپورٹ پیش کی گئی۔
قومی اقتصادی کونسل نے رواں مالی سال میں ترقیاتی اشاریوں کا بھی جائزہ لیا، پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے قومی اقتصادی کونسل کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔