آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول نے عوام دوست، غریب دوست منشور دیا ہے، تنخواہ دُگنی، مفت بجلی اور تعلیم چاہئےتو پیپلزپارٹی کو کامیاب کرائیں، ہم وعدہ کرتے ہیں غربت کو دور کریں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں پیپلزپارٹی کی ریلی کی قیادت کی، اس موقع پر بلدیہ ٹاؤن، مواچھ گوٹھ اور ماڑی پور سمیت مختلف علاقوں میں کارکنوں سے خطاب بھی کیا، ان کے ہمراہ این اے 242 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
آصف بھٹو زرداری کا بلدیہ ٹاؤن میں کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام دوست، غریب دوست منشور دیا ہے، تنخواہ دُگنی، مفت بجلی اور تعلیم چاہئے تو پیپلزپارٹی کو کامیاب کریں، بلاول بھٹو زرداری کی آواز بنیں، تیر پر مہر لگائیں۔
ماڑی پور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بیٹی ہوں بے نظیر بھٹو کی، بے نظیر بھٹو غریب کسان، طلبہ کی آواز تھیں، بے نظیر کی آواز کو خاموش کردیا گیا، میں آپ کی آواز بنوں گی، بلاول آپ کی آواز بنے گا۔
آصفہ کا کہنا ہے کہ م وعدہ کرتے ہیں غربت کو دور کریں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانا ہے۔
کیماڑی میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر کے نشان کو کیماڑی کے عوام ووٹ دیں گے، 8 فروری ہر جگہ بھٹو بھٹو ہوگا، کیماڑی کے عوام نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانا ہے، کیماڑی کے عوام بلاول کے ساتھ ہیں۔
آصف بھٹو زرداری کا این اے 242 کے مختلف علاقوں میں پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر انہوں نے 8 فروری کو ٹھپہ پہ ٹھپہ تیر پر ٹھپہ اور بلاول بنے گا وزیراعظم کے نعرے لگائے اور کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا۔