الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کی سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کا نوٹس لے لیا، چیف سیکریٹری پنجاب کو اسسٹنٹ کمشنر قصور کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 178 قصور کے ریٹرننگ افسر نے سیاسی جماعت کے جلسے میں شرکت کی، جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری پنجاب کو اسسٹنٹ کمشنر قصور کیخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آر او کو معطل کرکے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی ریٹرننگ افسر کیخلاف ضابطے کی خلاف ورزی پر انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔
ای سی پی نے مذکورہ ریٹرننگ افسر کی جگہ عبدالحفیظ بقا پوری کو پی پی 178 قصور کا آر او تعینات کردیا ہے۔