نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں ، کراچی الیکٹرک کی جانب سے متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی خوش آئند ہے جس سے صارفین کے لئے بجلی کا ٹیرف کم کرنے میں مدد ملے گی۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے الجومیہ گروپ کے سربراہ شیخ عبد العزیز حماد الجومیہ کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ الجومیہ گروپ نے کراچی الیکٹرک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے ۔
نگران وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی الیکٹرک کی جانب سے متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی خوش آئند ہے جس سے صارفین کے لئے بجلی کا ٹیرف کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کراچی الیکٹرک اپنے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری لائے گی ۔ وزیراعظم نے الجومیہ گروپ کو پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
الجومیہ گروپ کے وفد نے کراچی الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر نگران وزیراعظم اور حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے وزیراعظم کو 1500 میگاواٹ کے نئے سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا ، ان منصوبوں میں مقامی ذرائع اور قابل تجدید توانائی پر انحصار کیا جائے گا۔