نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے توانائی کے شعبے میں عوام کیلئے وبال جان بننے والے گردشی قرضوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئےوزارت توانائی سے مؤثر، دیرپا اور قابل عمل حکمت عملی طلب کرلی ۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پیٹرولیم اور پاور شعبہ جات کے گردشی قرضوں میں کمی کیلئے لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس کو مختلف کمپنیوں کے گردشی قرضوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے قرض میں کمی کیلئے تجاویز پیش کی گئیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسدادِ بجلی چوری آپریشن سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ،انہوں نے متعلقہ وزارت کو وزارتِ خزانہ سے مل کر اس حوالے سے مشاورت کے بعد ایک جامع و پائیدار لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت سنبھالتے ہی ہم نے ترجیحی بنیادوں پر معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کئے ۔ گردشی قرضوں میں کمی لانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ لیکن اس معاملے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔