نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی میں نامزد کردیے گئے، وہ ذکاء اشرف کی جگہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محسن نقوی اس وقت پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ بھی ہیں جنہیں بورڈ آف گورنرز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محسن نقوی پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے بھی نامزد ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی چیئرمین پی سی بی بننے کے مضبوط امیدوار ہیں، محسن نقوی کو الیکشن کے بعد چئیرمین پی سی بی بنایا جائے گا۔ محسن نقوی کا نام پیٹرن ان چیف کی جانب سے دیا جائے گا۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ کوشش کروں گا کرکٹ کے معاملات کو بھی تیزی سے حل کروں، کرکٹ میں اصلاحات بہت ضروری ہیں، ملک کی خدمت کے لیے جو رول ملا اسے پورا کروں گا۔