ادویات کے خام مال کی تیاری میں خود انحصاری کی جانب سفر میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فارم پارک کے قیام کے راہ ہموار ہونے لگی، فارم پارک میں خام مال بنانے کے متعدد یونٹس ایک ہی جگہ لگانے کی تجویز ہے۔ ادویات میں استعمال ہونے والے خام مال کا 40 فیصد خود تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا ادویات کے سالٹ اور مالیکیولز کی پیداوار پر کام تیز کردیا، نگران وفاقی وزیر صحت آئندہ ہفتے لاہور میں 2 یونٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یونٹس سے 6 ماہ میں 200 سالٹس و مالیکیولز پاکستان میں ہی تیار ہو سکیں گے۔
دنیا بھر میں اس وقت تک تقریبا 700 سالٹس اور مالیکیولز سے ادویات تیار ہوتی ہیں، پاکستان 73 سال کے دوران مقامی طور پر صرف 100 مالیکیولز ہی تیار کرسکا ہے، پاکستان کو 600 اقسام کی ادویات کے سالٹس اور مالیکولز امپورٹ کرنے پڑتے ہیں۔
خام مال کی مقامی تیاری سے پاکستان کو ہر ماہ لاکھوں ڈالرز کی بچت ہوگی، مالیکیولز کی ملک میں تیاری سے ادویات کے درآمدی بل میں بھی کمی ہوگی۔ خام مال کی مقامی تیاری سے پاکستانی ادویات کی برآمدات ایک ارب ڈالر ہوں گی۔