پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق ذکاء اشرف نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اورممبر بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، انہیں نجم سیٹھی کی جگہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی بنایا گیا تھا ۔
ذکاء اشرف نے آج پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کی چوتھی میٹنگ کی صدارت کی جس دوران ممبر کمیٹی خرم کریم سومرو نے آن لائن جبکہ دیگر 9 ارکین نے کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ ذکاء اشرف نے اجلاس کے دوران اپنے دور میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات اور کامیابیوں کا تفصیلی ذکر کیا ۔
میٹنگ کے آخر میں چیئرمین پی سی بی ذکا ء اشرف نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا اور پیٹرن انچیف وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا اعتماد کرنے پر شکریہ اد کیا اور پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ذکاء اشرف نے پی سی بی مینجمنٹ، مینجمنٹ کمیٹی کے ممبرز اور پی سی بی کے دیگر عملے کا تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔
ذکاء اشرف کے استعفے کی منظوری کے بعد چیئرمین پی سی بی کا اضافی چارج چیف الیکشن کمشنر شاہ خاور کو منتقل ہو جائے گا اور انہیں بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کے بعد 4 فروری تک چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کروانے ہوں گے ۔