جاپان کے قومی ادارہ برائے سیاحت نے کہا ہے کہ 2023 ء کے دوران غیر ملکی سیاحوں نے یہاں ریکارڈ رقم خرچ کی جو عالمی وبا سے پہلے کی سطح اور حکومت کے سالانہ ہدف 50 کھرب ین سے زیادہ ہے۔
این ایچ کے نے سیاحتی ادارے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ بیرونی سیاحوں نے گزشتہ سال یہاں قیام کے دوران تقریباً 53 کھرب ین(36 ارب ڈالر خرچ )کیے جن میں رہائش کے اخراجات بھی شامل ہیں،یہ رقم 2019 کے ریکارڈ سے تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔
ادارے نے کہا کہ فی مسافر اوسط خرچ 212,000 ین ( تقریباً 1,400 ڈالر ) رہا جو 4 سال پہلے کے مقابلے میں ایک تہائی زیادہ ہے۔قومی سیاحتی ادارے کا اندازہ ہے کہ گزشتہ سال بیرونی سیاحوں کی تعداد اڑھائی کروڑ سے کچھ زائد رہی تھی، یہ 2019 کے ریکارڈ کا تقریباً 80 فیصد اور 2022 کے مقابلے میں تقریباً ساڑھے 6 گنا اضافہ ہے۔